کابل (نیٹ نیوز) افغانستان کی طالبان حکومت نے ملک میں اخلاقیات کے حوالے سے نئے ضابطے جاری کردیے۔ گزشتہ روز جاری کیے گئے ضابطوں میں خواتین کے لیے چہرہ چھپانا اور مردوں کے لیے داڑھی رکھنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ڈرائیورز کو گاڑیوں میں موسیقی چلانے سے منع کیا گیا ہے۔نئے قوانین کے مطابق خواتین کے لیے ایسا لباس پہنا لازمی ہے جو ان کے چہرے اور جسم کو مکمل طور پر ڈھانپتا ہو، ساتھ ہی مردوں کو داڑھی منڈوانے اور نماز اور روزے چھوڑنے سے منع کیا گیا ہے۔قوانین میں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے وہ خواتین کو مرد سرپرست کے بغیر نہ لے جائیں، میڈیا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شرعی قانون کی پابندی کرے اور جانداروں کی تصاویر کی اشاعت سے گریز کرے۔