مہنگائی میں معمولی کمی، انڈے، دال چنا سمیت 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ: ادارہ شماریات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) رواں مالی سال 2024-25 کے دوسرے ماہ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں تسلسل کے ساتھ کمی کا رجحان جاری ہے تاہم مہنگائی کی شرح میں کمی کی رفتار بہت سست ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.10 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 16.69 فیصد کی شرح پر آگئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 9 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ حالیہ ہفتے آلو کی قیمت میں 2.41 فیصد، ایل پی جی 0.16 فیصد، بیف کی قیمت میں 047 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.63 فیصد، ایل پی جی1.04 فیصد اور تازہ کھلا دودھ کی قیمتوں میں 0.39فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انڈے فی درجن 17 روپے اور دال چنا فی کلو 20 روپے مہنگی ہوئی۔ دوسری جانب چینی کی قیمت میں 1.43 فیصد، ٹماٹرکی قیمت میں 21.96 فیصد، پیاز1.70 فیصد، کیلے 2.08فیصد، دال مسور قیمت میں ایک فیصد، بریڈ قیمت میں 0.61 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 2.77فیصد کمی ہوئی ہے۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.24 فیصد کمی کے ساتھ 10.35فیصد اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 0.22فیصد کمی کے ساتھ 14.65فیصد ہوگئی۔ اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.15 فیصدکمی کے ساتھ 19.39 فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح01.12 فیصد کمی کے ساتھ 17.09فیصد رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.05 فیصد کمی کے ساتھ 15.71فیصد رہی۔

ای پیپر دی نیشن