لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے پانچ پانچ ہزار کے نوٹ بانٹنے کی ویڈیو خیبر پی کے حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ میوزک کنسرٹ اور پیسے بانٹ کر لوگ اکٹھے کرنے والے کہتے ہیں قوم ہمارے ساتھ ہے۔ اڈیالہ جیل کے قیدی کے ساتھ قوم نہیں بلکہ دیہاڑی دار لوگ اور ڈیجیٹل دہشت گرد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری تحریک انصاف گنگا نہا کر بھی آجائے تو نو مئی کے سیاہ دھبے ان کے دامن سے نہیں مٹ سکتے۔ دھرنے اور جلسے اڈیالہ جیل کے قیدی کا کاروبار ہیں۔ دھرنوں اور جلسوں کے بغیر فتنہ پارٹی کو نہ بیرونی فنڈنگ ملتی ہے اور نہ یہ ڈیجیٹل دہشتگردوں کو تنخواہیں دے پاتے ہیں۔ قوم فتنہ پارٹی کے نہیں بلکہ پاکستان اور مسلم لیگ نون کے ساتھ ہے۔
علی امین کے نوٹ بانٹنے کی ویڈیو خیبر پی کے حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے: عظمیٰ بخاری
Aug 24, 2024