بھکھی(نامہ نگار) تھانہ بھکھی کی حدود میں منشیات فروشی میں اضافہ ہو گیا جگہ جگہ منشیات فروشوں نے ڈیرے بنا لئے، پولیس کارروائیاں کرنے کی بجائے بھتہ وصول کرکے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی ، مقامی رہائشیوں کے مطابق تھانہ بھکھی کا علاقہ منشیات فروشی کا گڑھ بن گیا ہے۔ منشیات فروشوں نے مختلف مقامات پر ڈیرے بنا رکھے ہیں جہاں دن بھر نشہ کے عادی افراد کا تانتا بندھارہتا ہے جن میں زیادہ تر تعداد نوعمر لڑکوں اور نوجوانوں کی ہے نئی نسل کی یہ تباہی دیکھ کر اہل علاقہ شدید تشویش کا شکارہیں ، شہریوں نے ڈی پی او شیخوپورہ سے فوری نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں تھانہ بھکھی پولیس کے ذرائع نے منشیات فروشوں سے بھتہ خوری کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔