ٹاہلی موہری،ڈھیری حسن آباد، غوثیہ چوک و دیگر علاقوں میں گیس کا کم پریشر

راولپنڈی(محبوب صابر /جنرل رپورٹر)گرمی کے موسم میں چھائونی کے علاقوں ٹاہلی موہری،ڈھیری حسن آباد، غوثیہ چوک و دیگر علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے باعث مسائل میں اضافہ ہونے لگا اور شہریوں کی قوت برداشت جواب دے گئی، گیس کے صارفین اب لکڑی اور تیل کے صارف بن چکے ہیں اور کئی کئی ہفتے انہیں گیس نہیں ملتی جس کی وجہ سے ان کا گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو چکا ہے اور پریشانی و مصیبت الگ سے جھیل رہے ہیں، یہ باتیں گذشتہ روز سردار شیر خان، حمزہ، احمد نواز، علی، طاہر، فیاض خان، یاسر اور دیگر نے بتا ئیں انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں گیس کے کم پریشر نے مسائل میں اضافہ کر رکھا ہے،گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ بدترین صورتحال اختیار کر گیاہے، عوام کی آہ و بکا بھی محکمہ سوئی گیس پر اثر انداز نہ ہوئی اورگھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے،محکمہ سوئی گیس کی جانب سے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے دعوے ہوا ہو گئے ہیں، بغیر ناشتہ کیے اپنے دفاتر جانے پر مجبور ہیں، مکینوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے ارباب اختیار اور کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان علاقوں کے عوام پر رحم کریںاور بجلی و گیس کی منصفانہ فراہمی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن