پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل تیسری مرتبہ نمایاں کمی کا امکان

Aug 24, 2024 | 13:52

 ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 82 اعشاریہ 50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 80 اعشاریہ 4 ڈالر فی بیرل پر آچکی ہے جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمت میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے، عالمی مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گزشتہ 15 روز کے دوران 2 سے 2 اعشاریہ 30 ڈالر فی بیرل تک گری ہیں، جس کی وجہ سے یکم ستمبر سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں فی لٹر 5 تا 6 روپے کمی کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت ایکس ڈپو پٹرول کی قیمت فی لٹر 260 روپے 96 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 266 روپے 7 پیسے فی لٹر ہے، 14 اگست کو اپنے آخری جائزے میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8 روپے 47 پیسے اور 6 روپے 70 پیسے فی لٹر کمی کی تھی، جس کے بعد یوں پٹرول کی نئی فی لٹر قیمت 260 روپے 96 پیسے جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 266 روپے 7 پیسے ہو گئی، قیمتوں میں کمی عالمی سطح پر خام تیل سستا ہونے سے ممکن ہوئی۔ اس سے پہلے 31جولائی کو بھی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 17 پیسے فی لٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 86 پیسے کی کمی کی گئی تھی، اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی تھی، مٹی کا تیل 6 روپے 32 پیسے کمی کے ساتھ 177 روپے 39 پیسے جب کہ لائٹ سپیڈ ڈیزل 5 روپے 72 پیسے کمی کے ساتھ 160 روپے 53 پیسے فی لٹر ہوگیاتھا،وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا

مزیدخبریں