لاہور پولیس نے 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث ڈاکو رانی کو خاوند سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان راہ چلتے شہری سے راستہ پوچھنے کے بہانے لوٹ مار کرتے تھے، ملزمان سے لوٹی ہوئی رقم، موبائل فون، اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لیا گیا، مجموعی طور پر ملزمان سے 3 لاکھ روپے نقد، 2 پستول، 12 موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوا۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خاتون کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسلحہ کے زور پر واردات کرتے دیکھا گیا، پولیس کی چیکنگ سے بچنے کیلئے ملزمہ اسلحہ اپنی چادر میں لپیٹ لے لیتی، وارادت کے بعد ملزمہ لوٹا ہوا مال اور اسلحہ پرس میں چھپا لیتی تھی، گرفتار ملزمان مومنہ اور عقیل کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ ادھر ڈاکو رانی سے شادی کیلئے کچے کے علاقے میں جانے والے شہری کو پولیس نے بچالیا، ڈاکو رانی سے شادی کیلئے جانے والے فیصل آباد کے شہری کو سندھ پنجاب سرحد پر روکا گیا، فیصل آباد کا شہری اللہ دتہ ظفراللہ شادی کے جھانسے میں آکر اوباڑو جا رہا تھا، شہری کا فیس بک پر ڈاکوؤں کی آلہ کار خاتون سے رابطہ ہوا تھا اور عالیہ نامی ڈاکو رانی نے شادی کا جھانسہ دے کر بلایا جسے پولیس نے سندھ پنجاب سرحد پر روک لیا۔علاوہ ازیں لاہور کے علاقے اچھرہ کی شاہراہوں پر شہریوں سے قیمتی اشیاء لوٹنے والے ڈاکو کو سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے لائیو ٹریک کرتے ہوئے حوالات میں پہنچا دیا ، سیف سٹی آفیسر نے کیمروں کی لائیو سرویلنس کے دوران ایک مشکوک سرگرمی مانیٹر کی جس میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان گھومتے پھرتے گھات لگا رہے تھے، ٹارگٹ نظر آنے پردونوں موٹر سائیکل سواروں نے چند لمحوں میں شہری سے قیمتی موبائل چھین لیا، جس کے بعد سیف سٹی ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے تمام شواہد متعلقہ پولیس کو فراہم کئے جس کی مدد سے پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان سنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلے۔