اسلام آباد (جاوید صدیق) قابل اعتماد ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعتوں نے صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں اپنے خطاب میں ”ہاتھ ہولا رکھیں“ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی لیڈروں نے جن میں چودھری شجاعت حسین‘ پرویز الٰہی اور اسفند یار ولی شامل تھے‘ وزیراعظم کے کل کے بیان کی ستائش کی اور کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں آج آرمی چیف کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو گی‘ جو ایک مثبت ردعمل ہے۔ اب حالات کو مزید بگاڑ کی طرف جانے سے روکا جانا چاہئے۔ اس لئے اب صدر کو 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کے جلسہ میں تقریر کے دوران اسیٹبلشمنٹ پر کوئی زیادہ تنقید نہیں کرنا چاہئیے۔ اتحادی لیڈروں کی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) اور اسٹیبلشمنٹ کے ارکان رابطوں اور ان کے مضمرات پر بھی صلاح مشورہ کیا گیا۔