ہائیرایجوکیشن کمشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا: چیئرمین

Dec 24, 2012


اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمشن ڈاکٹر جاوید لغاری نے کہا ہے کہ ایچ ای سی کے حوالے سے حالیہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر مکمل مکمل عملدرآمد کیا جائے گا ، اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق ایچ ای سی کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کردی گئی ہے اور نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا تقرر 30 دنوں کے اندر وصول شدہ درخواستوں میں سے کردیا جائے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایچ ای سی کی خودمختاری کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تاریخی اور اہم فیصلے کو کمیشن کے ممبران ، چیئرمین ، قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، وائس چانسلرز ، یونیورسٹی فیکلٹی سٹاف ایچ ای سی ملازمین کے علاوہ ملک بھر کے نوجوانوں سول سوسائٹی اور تعلیمی حلقوں نے سراہا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کی روشنی میں ایچ ای سی میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرنے کےلئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کو درپیش مسائل اور امور پر غور کرنے کیلئے وائس چانسلر کانفرنس طلب کرلی گئی ہے جس میں پاکستان بھر سے وائس چانسلر شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں