لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیز اور کالجز میں ہونے والے میوزک کنسرٹس، بچوں کی اخلاقیات کو بگاڑ رہے ہیں۔ والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیم کے نام پر میوزیکل شو کو بند کر کے اداروں میں صرف اور صرف تعلیم پر توجہ دینے کے لئے اداروں کے سربراہوں کو پابند کیا جائے کہ نئی نسل کو ملک پاکستان، اسلامی تاریخ اور جدید علوم سے روشناس کروایا جائے۔ نوائے وقت آفس میں فون کر کے درجنوں طلباءو طالبات کے والدین نے مطالبہ کیا کہ حکمرانوں کو نئی نسل کی اصلاح بارے سوچنا چاہئے۔ لاہور کے مختلف کالجز میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بجائے میوزیکل شو، فیشن شو اور کیٹ واک کے پروگرامز ہو رہے ہیں جس سے نئی نسل میں بے راہ روی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے شہباز شریف کی ذمہ داری ہے کہ وہ لاہور کے کالجز، یونیورسٹیز میں ہونے والے بے ہودگی کے پروگرامز کو فوراً بند کریں۔ طلباءو طالبات کی ذہنی استعداد کو بڑھانے کے لئے ادبی پروگرام کئے جائیں اور سپورٹس فزیکل کی سرگرمیوں کو بڑھایا جائے۔