لاہور(سپورٹس رپورٹر) 60 ویں نیشنل بنک قومی ہاکی چیمپئن شپ 2013ء کے مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ نیشنل بنک اور سوئی گیس کی ٹیموں نے حریف ٹیموں کو شکست دیدی۔ جوہر ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری چیمپئن شپ میں گذشتہ روز پہلا میچ نیشنل بنک اور نیوی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں نیشنل بنک نے 2 کے مقابلے 4 گول سے کامیابی اپنے نام کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ایم توثیق نے دو اور اختر علی نے ایک گول سکور کیا جبکہ ایک اورگول ہوا۔ دوسری جانب نیوی کی طرف سے علی شیر نے دونوں گول سکور کیے۔ دن کا دوسرا میچ سوئی گیس اور پولیس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سوئی گیس نے ایک کے مقابلے چار گول سے برتری حاصل کی۔ سوئی گیس کی جانب سے عدنان، شرجیل، شکیل عباسی اور ذیشان بخاری نے ایک ایک گول کیا۔ پولیس کی جانب سے واحد گول عاطف نے کھیل کے 40 ویں منٹ میں کیا۔ چیمپئن شپ میں آج مزید دو میچ کھیلے جائیں گے جس میں ہائر ایجوکیشن کا مقابلہ دفاعی چیمپئن واپڈا تے جبکہ دوسرے میچ میں پی آئی اے اور آرمی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔