لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں محلہ اور دیہات کی سطح پر پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کا شاندار آغازہو گیا۔ پہلے روز لاہور شہر کے 3ٹاونز میں ٹیپ بال کرکٹ میچز سمیت کئی کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔کئی ٹاؤنز میں گھوڑا ڈانس بھی ہوا،گلبرگ ٹاؤن، شالامار ٹاؤن اور نشتر ٹاؤن میں تقریبات کا آغاز کلام پاک سے ہوا۔ گلبرگ ٹاون میں ٹیپ بال کرکٹ کے بارہ ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے ہوئے جس میں جی بلاک کے کپتان جاوید الیون اور فخر الیون کے درمیان 4اوور کا مقابلہ ہوا۔ فخر الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 74سکور کئے، جواب میں جاوید الیون نے74 سکور کو باآسانی چار اوور میں حاصل کر لیا جس میں جاوید الیون کے زاہد 35 سکور بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ 99 یو سی بلاک نمبر 8 میں 4 ا وور کا میچ ہوا وقاص الیون کا محمد سکندر الیون کے درمیان مقابلہ ہوا، وقاص الیون نے کامیابی حاصل کی اس میں ظہیر احمد 22سکور بنا کر ٹاپ سکورر رہے، نشترٹاون میں یوتھ فیسٹیول تقریب کے مہمان خصوصی ایم این اے میاں نصیر احمد نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول کے ذریعے پاکستان کا نام روشن ہو گا۔ اس موقع پر ایم پی اے چودھری شہباز، ایم پی اے رانا مبشر، سابق ایم پی اے راحیلہ خادم حسین،ایم پی اے حنا بٹ نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ اسی یو سی میں 4اوور کا میچ ہوا جس میں کاشف الیون نے مقررہ اوور میں 28سکور کئے ندیم الیون بعد میں کھیل تے ہوئے سکورپورا نہ کرسکے، کاشف الیون نے یہ میچ جیت لیا۔ یوسی 95 بلاک نمبر 1 ایف سی کالونی میں وسیم الیون اور انعام الیون کے درمیان ہو ا اس میں وسیم الیون نے یہ مقابلہ جیت لیا اس میں شعیب 42سکو ر بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ شالامار ٹاؤن میں بھی یوتھ فیسٹیول کے مقابلوں کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر شاندار تقریب ہوئی۔ جاوید الیون اور ٹائیگر الیون کے درمیان نمائشی میچ ہوا ،جو ٹائیگر الیون نے جیت لیا۔ اسی طرح نشتر ٹائون میں ٹیپ بال کرکٹ کے مقابلے ہوئے جس میں یونین کونسل 63 اور بلاک ایک ،دو، تین ، چارتک کی ٹیموں نے شرکت کی ،ارشد الیون اور حافظ الیون کے درمیان پہلا مقابلہ ہوا جس میں ارشد الیون نے فتح حاصل کی ،جبکہ دوسرے مقابلہ میں وحید الیون نے فضل الیون کو شکست دے دی۔ کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان جوش وخروش پایا گیا،ٹیموں کے سپورٹرز نے اپنے کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ مقابلہ جات میں تمام ٹاونز کے ٹی ایم اوز اور ایڈمنسٹریٹر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع بھر میں ویلج لیول پر پنجاب یوتھ اینڈ سپورٹس فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے اور قرأت، نعت خوانی، آرم ریسلنگ، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، بلیئرڈ، کرکٹ (ٹیپ بال)، رسہ کشی اور والی بال کے مقابلوں میں عوام الناس جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔