کوئٹہ (بیورو رپورٹ) موسیٰ خیل میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاںبحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ لیویز کے مطابق پیر کو موسیٰ خیل کے علاقے میں زمین کے تنازعے پر دو گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد دادن اور گل آف ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، لیویز نے نعشوں اور زخمی کو ہسپتال پہنچا دیا جہاں نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ لیویز نے مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی۔ مزید برآں پنجگور کے علاقے میں لیویز نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے 6 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا جن کے پاس کوئی قانونی سفری دستاویزات نہیں تھیں۔ علاوہ ازیں تربت کے علاقے بلیدہ روڈ سے نامعلوم مسلح افراد نے 4 لیویز اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ لیویز نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔