لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر + نوائے وقت نیوز+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج منگل کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا اور مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینار اور مجالس عزا کا اہتمام ہو گا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزئیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا جن میں علماء اور ذاکرین شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ لاہور سمیت 56 شہروں میں موبائل فون سروس بند ہو گی تمام موبائل فون کمپنیوں کو آج 9 بجے صبح سے رات 10 بجے تک موبائل فون سروس بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق صوبائی حکومتوں کی جانب سے موبائل فون سروس بند کرنے کی درخواستیں موصول ہوئیں جس پر سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، علاوہ ازیں لاہور سمیت کئی شہروں میں بھی آج ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ حساس مقامات پر فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ پنجاب، سندھ اور پشاور میں ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ لاہور میں بھی آج موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہو گی تاہم بچے اور خواتین پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔ کئی شہروں میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی۔ حساس شہروں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ کوئٹہ میں چہلم کے موقع پر جلوس کی سکیورٹی کیلئے پولیس، ایف سی اور بی آر پی کے5ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ شہر کے پہاڑوں پر لیویز کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔ کراچی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور سمیت دیگر شہروں میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جلوس کے راستوں کے اطراف موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہو گی اور جلوس کے قریب گاڑیاں کھڑی کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ پشاور میں 3دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈی سی پشاور کے مطابق افغان مہاجرین پر بھی شہر میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ چہلم امام حسینؓ کے موقع پر سندھ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق پیر کی رات 12بجے سے منگل کی رات 12بجے تک کیا گیا ہے۔ ہنگو میں آج دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سرکاری ذرائع کے مطابق لاہور میں صبح 10 سے رات 11 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی جبکہ راولپنڈی میں صبح 9 سے رات 11 بجے تک موبائل فون بند رہیں گے۔ کراچی میں صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک موبائل فون بند رہیں گے۔ گلگت میں صبح 11 سے رات 11 بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ ڈی آئی خان، کوہاٹ، ہنگو میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک موبائل فون بند رہیں گے۔ 22 شہروں میں موبائل فون سروس جلوسوں کی گزر گاہوں کے علاقوں میں بند ہو گی۔ کوئٹہ میں صبح 2 بجے سے رات 8 بجے تک موبائل فون بند رہیں گے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس او عرس حضرت داتا گنج بخش کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ جلوس کے راستوں پر تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے جبکہ جلوس کے روٹ کی طرف سے آنیوالے تمام راستے عام ٹریفک کے لئے بند رہیں گے اور پیدل آمد و رفت روکنے کے لئے خاردار تاریں بچھائی جائیں گی، چہلم کے جلوس کے روٹ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں۔ شہر کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی فضائی نگرانی کی جائے گی۔ پولیس کے 5 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ جلوس کے راستوں کے اطراف موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ ڈی پی او سرگودھا راجہ بشارت نے کہا ہے کہ چہلم کے موقع پر شہر میں فوج طلب کر لی گئی ہے۔
حضرت امام حسینؓ کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا
Dec 24, 2013