لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکی نے بے مثال ترقی کی ہے۔ ترک عوام‘ حکومت اور ترک وزیراعظم کی انتھک محنت اور جدوجہد کی بدولت ترکی دنیا کی عظیم معاشی قوت بن چکا ہے۔ ترکی کی معاشی ترقی کسی جادو کی چھڑی کی مرہون منت نہیں بلکہ ترک لیڈر رجب طیب اردگان کی کرشمہ ساز شخصیت اور ولولہ انگیز قیادت ‘ ان کی محنت اور جدوجہد کا ثمر ہے۔ جس پر میں ترک قیادت کو سیلوٹ کرتا ہوں۔ پاک ترک بزنس فورم کی تقریب سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تہذیبی‘ تاریخی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا رشتہ قائم ہے۔ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ 2010ء میں پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا تھا‘ تو نہ صرف ترک وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا بلکہ ہزاروں ترک بزنس مینوں نے عیدالفطر اور عیدالاضحی کے مذہبی تہوار بھی اپنے مصیبت میں گھرے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ گزارے۔ یہی نہیں بلکہ ترک وزیراعظم اور ان کی اہلیہ استنبول‘ انقرہ‘ قونیہ اور دیگر شہروں میں گئے اور سیلاب زدگان کے لئے 100ملین ڈالر فنڈز اکٹھے کئے۔ میں نے اخوت اور بھائی چارے کی ایسی شاندار مثال اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی۔ سیلاب ہو یا زلزلہ یا اور کوئی قدرتی آفت‘ ترک حکومت‘ ترک قیادت اور عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں پاکستانیوں کی مدد ایک خاندان کی طرح کی ہے جسے ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات تو موجود ہیں لیکن وقت کا تقاضا ہے کہ ان تعلقات کو معاشی و اقتصادی تعاون میں بدلا جائے۔ پاکستان اور ترکی کے مابین تجارت کو فروغ دیا جائے۔ ترکی جسے کبھی یورپ کا مرد بیمار کہا جاتا تھا وہ اب رجب طیب اردگان کی قیادت میں جدید ترکی بن چکا ہے اور آئی ایم ایف کا بڑا کنٹری بیوٹر ہے۔ ہم بھی ترکی کی ترقی اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے آگے بڑھ سکتے ہیں اور پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط ملک بنا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں خود کو ترک ماڈل کا طالب علم سمجھتا ہوں لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ طالب علم استاد سے آگے نکل جاتے ہیں۔ ترکی نے استنبول میں میٹروبس کا منصوبہ اڑھائی سال میں مکمل کیا ہے جبکہ ہم نے میٹرو بس کا عظیم منصوبہ صرف 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے۔ ترکی پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اب پاک ترک دوستی نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔ ترکی سے پاکستان کے سماجی، سیاسی، مذہبی اور تجارتی روابط صدیوں پر محیط ہیں۔ ترک وزیراعظم طیب اردگان کی آمد سے تعلقات مستحکم ہوں گے۔