ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) دنیا میں دہشت گردی کی علامت کلاشنکوف کے موجد اور رائفل لیجنڈ میخائل کلاشنکوف ماسکو میں 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ تاہم 17 نومبر سے ازہوسک ہسپتال کے نہایت نگہداشت یونٹ میں داخل تھے۔ انہیں روس میں آج بھی غیر متنازعہ ہیرو قرار دیا جاتا ہے۔ میخائل کلاشنکوف نے اپنی ہائی سکول کی تعلیم کبھی مکمل نہیں کی۔ لیکن صرف 20 سال کی عمر میں کلاشنکوف ایجاد کر کے انجینئرنگ کے شعبے میں انہوں نے ناقابل فراموش اور دائمی کامیابی حاصل کی۔ دنیا میں کلاشنکوف دہشت گردوں اور انقلابیوں کا پسندیدہ ہتھیار رہا ہے۔ انہیں گذشتہ 50 سال سے صحافی برادری پوچھتی رہی ہے کہ کیا آپ کو کبھی کلاشنکوف ایجاد کرنے پر پچھتاوا ہوا۔ انہوں نے جواب دیا میں نے اسے اپنے ملک کی حفاظت کرنے کیلئے ایجاد کیا۔ مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ اب سیاستدان اسے کس طرح استعمال کرتے ہیں اس کی ذمہ داری مجھ پر عائد نہیں ہوتی۔ مجھے اپنی ایجاد پر فخر ہے لیکن افسوس ہوتا ہے کہ اسے دہشت گرد استعمال کرتے ہیں۔
کلاشنکوف