اسلام آباد (آئی این پی) وزارت قانون و انصاف نے قبائلی علاقوں میں 3 فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد صدر مملکت جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، فاٹا میں فوجی عدالتوں کے قیام کا صدارتی آرڈر جاری کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ان عدالتوں کے ذریعے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے گرفتار دہشت گردوں کیخلاف مقدمات چلائے جائیں گے اور انہیں سزائیں دلوائی جائیں گی۔ واضح رہے قبائلی علاقے وفاق کے زیر انتظام ہیں اور وہاں فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے کسی قانون سازی کی ضرورت نہیں بلکہ وہاں اس مقصد کیلئے صدر مملکت صدارتی حکم نامہ جاری کرسکتے ہیں۔