اسلام آباد (آئی این پی) تاجکستان نے کویت سے براستہ پاکستان خام تیل درآمد کر کے پاکستان کی ریفائنریوں سے صاف کرانے اور پاکستان سے گندم و چینی درآمد کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے تاجک وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ منگل کو تاجکستان کے وزیر مادی ذخائر نور محمد اخمروف کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ تاجک وفد نے خواہش ظاہر کی کہ تاجکستان کویت سے خام تیل براستہ پاکستان درآمد کر کے پاکستان کی ریفائنریوں سے صاف کرانا چاہتا ہے۔ جس پر دونوں وفاقی وزراء نے اس خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے پاکستانی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں تاجک وفد نے پاکستان سے چینی اور گندم درآمد کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کیلئے تیار ہے۔
تاجکستان کا خام تیل پاکستان کی ریفائنریوں سے صاف کرانے، گندم اور چینی درآمد کرنے کی خواہش کا اظہار
Dec 24, 2014