اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے الیکشن کمشن کو سندھ کے گیارہ اضلاع کی اسی سے زائد یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی اجازت دے دی ۔گزشتہ روزجسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمشن کی اپیل پر سماعت کی۔ الیکشن کمشن کے وکیل نے آگاہ کیا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے پر متنازعہ یونین کونسلز کی دوبارہ حلقہ بندیاں کر دی ہیں۔ تیس دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرا دیں گے ، عدالت عظمیٰ نے سندھ کے 11 اضلاع کی 80 سے زیادہ یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی اجازت دیتے ہوئے الیکشن کمشن کی اپیل غیر موثر ہونے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ الیکشن کمشن نے سندھ ہائیکورٹ کے متنازعہ یونین کونسلز کی چوبیس گھنٹے میں حلقہ بندیاں کرنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سپریم کورٹ:الیکشن کمشن کو سندھ کے 11اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی اجازت
Dec 24, 2015