ملتان: غربت سے تنگ مزدور نے بیوی‘ 4 بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی

ملتان (کرائم رپورٹر) شریف پورہ میں غربت کے ستائے مزدور نے بیوی اور 4 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ پولیس کی فرانزک ٹیم نے نمونے حاصل کر لئے ہیں۔ نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے نشتر کے سرد خانے میں رکھوا کر مختلف پہلوئوں کو مدنظر رکھ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ شاہ رکن عالم کے علاقہ محلہ شریف پورہ کا رہائشی 45 سالہ محمد اشفاق گھر سے کچھ فاصلے پر واقع پاور لومز پر مزدوری کرتا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ اشفاق کے 4 بچے تھے، ان کا صرف 2 مرلے کا مکان تھا۔ وہ محنت مزدوری کر رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اشفاق نے گزشتہ ہفتے 1300 روپے کمائے جس سے اس نے گھر کا راشن، بچوں کی فیسیں ادا کرنا تھیں، بجلی اور گیس کا بل بھی دینا تھا، اس نے اپنے سالے سے 5 ہزار روپے ادھار لے کر کچھ اخراجات پورے کئے مگر گیس کا بل ادا نہ ہو سکا وہ گھر کا راشن نہ خرید سکا جس کی وجہ سے گھر میں کھانا پکانا مشکل ہو گیا۔ میاں بیوی کا آپس میں جھگڑا ہوا تھا۔ چند روز قبل بل کی عدم ادائیگی کے باعث سوئی گیس عملہ نے گیس کا میٹر کاٹ دیا جس کے باعث اس کا چولہا بھی بند ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اشفاق نے دلبرداشتہ ہو کر اپنی بیوی نسیم بی بی اور 4 بچوں کے 13 سالہ بیٹے انس، 10 سالہ بیٹی علیشا، 7 سالہ علیزہ اور 2 سالہ ایمان فاطمہ کو زہر دینے کے بعد ان کے گلے دبا کر انہیں قتل کر دیا جس کے بعد اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ ملحقہ گھر میں رہنے والا اس کا بھائی اسحاق واقعہ سے بے خبر رہا۔گزشتہ روز محلہ کے لڑکے محفل میلاد کیلئے چندہ لینے اشفاق کے گھر آئے تو دروازہ اندر سے بند تھا۔ انہوں نے بار بار دروازہ کھٹکھٹایا مگر کوئی نہ نکلا۔ تشویش ہونے پر دھکا دیکر دروازہ کھولا گیا تو اندر پورے خاندان کی نعشیں پڑی تھیں۔ نعشیں دیکھ کر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔ گھر کو سیل کر کے تمام شواہد اکٹھے کئے۔ فرانزک ٹیم کو بلوا کر نمونے حاصل کئے۔ پولیس نے اشفاق کے بھائی، والدہ اور دیگر رشتہ داروں سمیت اہل محلہ سے معلومات حاصل کیں۔ اطلاعات کے مطابق پھندا ڈالتے ہوئے رسی لمبی ہونے کے باعث اشفاق نے رسی ہاتھوں میں لپیٹ لی تھی۔ سی پی او ملتان اظہر اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ابتدائی تفتیش میں بیوی بچوں کو مارنے کے بعد اشفاق کی خودکشی کے شواہد ملے ہیں۔ نعشوں کا پوسٹمارٹم کرایا جا رہا ہے، رپورٹ آنے پر صورتحال واضح ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...