ڈی جی خان: تخریب کاری کا منصوبہ ناکام‘ 5 دہشت گرد ہلاک: تربت‘ 8 مارے گئے‘ 2 اہلکار شہید

Dec 24, 2015

ڈی جی خان+ کوئٹہ+ تربت (نیوز ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ غازی خان میں عید میلاد النبیؐ پر تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ تربت میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں دہشت گرد تنظیم کے اہم کمانڈر کا بھائی بھی شامل ہے جبکہ قلات میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کا ایک کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی ملتان نے خفیہ اطلاع پر سخی سرور پولیس ڈیرہ غازی خان کے ہمراہ صبح سویرے وڈور کے علاقے میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے قبضے سے ایک گاڑی سے دستی بم اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کے لئے نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈی جی خان منتقل کر دیا گیا ہے۔ کلیئر ہونے والے علاقوں میں ایف سی کی چیک پوسٹیں قائم کر دی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ادھر ضلع تربت کے علاقے بلنگور میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں 8 دہشت گرد ہلاک دو سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے دہشت گردوں کی کمین گاہوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق تربت میں ایف سی کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل ہارون فائرنگ سے زخمی ہو گئے جبکہ قلات کے علاقے سوراب میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر مقابلے میں مارا گیا۔ ادھر آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ادھر حساس اداروں نے چمن میں کارروائی کر کے ٹیکسی سٹینڈ سے مشتبہ دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مشتبہ دہشتگرد کا تعلق افغان علاقہ سین بولاک سے ہے۔ ادھر ضلع کوہلو اور مری بارڈر کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک راہ گیر جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے اس واقعے کی تصدیق کردی ہے۔ ادھر ضلع قلات کے علاقے منگچر میں ایف سی اور حساس اداروں کی بڑی کارروائی میں 100 کلو سے زائد دھماکہ خیز تیار بارود برآمد کر لیا۔ دھماکہ خیز مواد کو زمین میں چھپایا گیا تھا۔ ایف سی اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کاروائی کر کے بلوچستان کو بڑے تباہی سے بچا لیا ہے۔ ایف سی قلات کے کمانڈنٹ کرنل توصیف احمد نے ڈپٹی کمشنر قلات کی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایف سی اور حساس اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ منگچر کے علاقے زرد غلام جان میں روڈ کے کنارے بھاری مقدار میں بارود چھپایا گیا ہے جس پر قلات ایف سی اور حساس ادروں نے مشترکہ کارروائی میں سو کلو گرام سے زیادہ دھماکہ خیز بارودی مواد برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہیں۔ ادھر نوشکی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے لیویز کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ اور فائرنگ کر دی۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اے پی پی کے مطابق کرم ایجنسی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گردوں نے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال کر خود کو پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔

مزیدخبریں