لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والی 62 ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے محکموں اور ایسوسی ایشنز کی ٹیموں نے کراچی میں رپورٹ کر دی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیمپئن شپ کے بہترین انعقاد کے لیے فیلڈ جیوری کا بھی اعلان کیا ہے جس میں سابق اولمپئن سمیع اﷲ، اولمپئن جہانگیر احمد بٹ اور اولمپئن قمر ضیاء کو شامل کیا گیا ہے۔ سمیع اﷲ خان اور قمر ضیاء گذشتہ کچھ عرصہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ کے مخالف رہے ہیں جن کی فیڈریشن میں آمد کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ تین رکنی جیوری ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے بیسٹ پلیئر، ٹاپ سکورر اور بہترین گول کیپر کا انتخاب کر کے اسے صدر پی ایچ ایف کو منظوری کے لیے بھجوائیں گے۔