لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کو اگرچہ قومی تربیتی کیمپ میں شامل کرکے آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے دورے پر بھیجنے کا اشارہ دے دیا ہے لیکن اس راہ میں سب سے بڑی قانونی رکاوٹ ویزے کا حصول ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں قانونی ماہرین سے رہنمائی حاصل کررہا ہے کہ کیا محمد عامر کو نیوزی لینڈ کا ویزا مل سکتا ہے یا نہیں؟پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل حیدر رضوی نے کہا کہ محمد عامر برطانوی عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور وہ جیل بھی کاٹ چکے ہیں لہذا جب بھی وہ کسی ملک کے ویزے کی درخواست دینگے انھیں سزا کا ریکارڈ پیش کرنا ہوگا ۔پی سی بی نے ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے لگائے گئے قومی تربیتی کیمپ سے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو نکالنے کے مطالبوں کے بعد فاسٹ باؤلر کے حق میں آواز بلند کردی ہے۔ بورڈ نے مخالفت کھلاڑیوں اور مبصرین سے مطالبہ کیا کہ وہ فاسٹ باؤلر کے حوالے سے خیالات میں نرمی لائیں کیونکہ وہ دوسرے موقع کے مستحق ہیں۔بورڈ کی جانب سے جاری اس آٹھ نکاتی پریس ریلیز سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کے سکواڈ میں فاسٹ باؤلر کی شمولیت کیلئے کس حد مضطرب ہے۔