لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے تمام مراحل بخیروخوبی سرانجام پائے ہیں اور عام انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی مسلم لیگ(ن) نے ہر مرحلے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور یہ کامیابی عوام کی بے لوث خدمت کا نتیجہ ہے۔ اقتدار صرف اور صرف عوام کی خدمت کا ذریعہ ہے اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی دیانتداری کے ساتھ بے لوث خدمت کررہی ہے۔ الزام تراشی کی منفی سیاست کی شفافیت اور خدمت کی سیاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں یہ بات انہوں نے ایک اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے متعدد امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے بلدیاتی انتخابات میں شاندار فتح پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور ہے۔ اس نظام سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ اختیارات کو ذمہ داری کیساتھ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے استعمال کرنا ہے ۔ ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے آخری مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) کوشاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کی یہ کامیابی خدمت،دیانت اور شفافیت کی سیاست کی جیت ہے۔ دھرنا دینے والوں کی منفی سیاست کا ایک بار پھر دھڑن تختہ ہوگیا ہے اور اب ان عناصر کو احتجاجی سیاست چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں خادم پنجاب سکولز پروگرام کے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بریفنگ دی۔ اجلاس میںطلباوطالبات کیلئے لیپ ٹاپ کی خریداری کے امور کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی لیپ ٹاپ سکیم سے لاکھوں طلباء و طالبات مستفید ہورہے ہیں اورپنجاب حکومت نے لیپ ٹاپ دے کرہونہار طلباء و طالبات کو ان کا حق دیا ہے۔