اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جمہوری حکومت کے لیے جدوجہد ہم سب کو یاد رکھنی چاہیے اور قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر تمام مسائل پر قابو پاسکتے ہیں ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اپنے حقوق حاصل کرنا پڑیںگے۔ معاملات پر اختلاف رائے ضرور ہو سکتا ہے مگر اس میں بھی دوسرے کی عزت کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔ ہمیں ہر دن یاد کرنا چاہیے کہ قائد اعظم نے پاکستان بنانے کے لیے کتنی جدوجہد کی ایک خود اعتمادی تھی جس سے ملک اور قوم بنی۔ ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے قائد اعظم یونیورسٹی میں یوم قائد کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ان کا کہنا تھا کہ جو جو اس یونیورسٹی کا حصہ ہے وہ اس نام کے ساتھ منسلک ہو کر اس یونیورسٹی میں آتے ہیں میں بھی آتی تھی اور دو سال میں نے قائد اعظم یونیورسٹی میں گزارے۔ یونیورسٹی کے طلباء کو قائد اعظم کی سالگرہ ایسے منانی چاہیے کہ وہ دوسروں کے لیے مثال بننی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر دن یاد کرنا چاہیے کہ قائد اعظم نے پاکستان بنانے کے لیے کتنی جدوجہد کی۔
قائد اعظم کے فرمودات پر عمل کر کے مسائل پر قابو پا سکتے ہیں: مریم اورنگزیب
Dec 24, 2016