لاہور( این این آئی) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے 28جولائی کے بعد جو بیانیہ او رموقف اپنایا، وہ ہماری سیاسی بقاء کی بات ہے اور نواز شریف اس بیانیے کو اپنانے کی بجائے گھر بیٹھ جاتے تو ہماری پارٹی کا ’’بھٹہ ‘‘ہی بیٹھ جاتا ، نواز شریف ہی ہمارے لیڈر ہیں اور سادہ سی بات ہے، وہ سمندر یا دریا میں بھی چھلانگ لگائیں گے تو ہم بھی ان کے پیچھے چلیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد نواز شریف نے سیاسی رفقاء سے مشاورت کے بعد پارٹی کی صدارت کیلئے مشاورت کی تھی اور اس کیلئے سب رہنمائوں نے شہباز شریف کے نام کی توثیق کی تھی لیکن کچھ دنوں بعد قانون میں تبدیلی ہو گئی تھی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کیلئے نام سامنے لانے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ اس کی پریکٹس نہیں۔جہاں تک وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی بات ہے تو سب کو معلوم ہے تحریک انصاف جیتتی ہے تو کون وزیر اعظم ہو گا اسی طرح پیپلز پارٹی کے بارے میں بھی سب کو علم ہے لیکن (ن) لیگ کے حوالے سے کنفیوژن تھی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی وجہ سے نواز شریف اب وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔ انہوں نے اس سوال کہ نواز شریف جو بیانیہ اپناتے ہیں شہباز شریف اس پر دو سطریں نہیں بولتے کا جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میری طرف سے دوصفحے بولنے کے بعد مجھے کبھی شہباز شریف نے یہ نہیںکہا کہ آپ غلط بولتے ہیں ضروری نہیں ہوتا کہ پارٹی میں تمام لوگ ایک ہی بات کریں۔