لاہور+ فیصل آباد+ گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر + نمائندہ خصوصی) خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کیلئے اصولی موقف پر قائم رہیں گے اور جانوں کی قربانیاں بھی دی جائیں تو وہ بھی کم ہیں حکومت قادیانیوں کو فوری طور پر کلیدی عہدوں سے فارغ کرے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے پی پی 62 فیصل آباد سے ایم پی اے چودھری رضا نصراللہ گھمن نے استعفیٰ دیدیا۔ حکومت جب تک ہمارے تحفظات دور نہیں کرتی اور مطالبات منظور نہیں کرتی ختم نبوت کی تحریک جاری رہے گی، آج 24دسمبر کو گوجرانوالہ شیرانوالہ باغ میں ختم نبوت کانفرنس ہوگی۔ گوجرانوالہ کا جلسہ تاریخی ہو گا جس میں مزید استعفے آئیں گے۔ حکومت رانا ثناء اللہ کو برطرف نہیں کرتی تو یہ احتجاج اسی طرح جاری رہیگا۔ 4 جنوری کو لاہور میں بھی جلسہ کیا جائیگا۔ ادھر 30 اہلسنّت جماعتوں نے آج ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان مختلف سنی جماعتوں کے سربراہوں نے خواجہ حمید الدین سیالوی اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سے ٹیلیفونک رابطوں اور ملاقاتوں کے دوران کیا۔ حمایت کا اعلان کرنے والوں میں پیر سید مظہر سعید کاظمی، ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، الحاج محمد حنیف طیب، ثروت اعجاز قادری، پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، نعمان عبدالجبار، قاضی عتیق الرحمن، پیر خالد سلطان قادری، پیر سلطان فیاض الحسن قادری، غلام مرتضیٰ سعیدی، علامہ حامد سرفراز، علامہ حافظ محمد اعظم نعیمی، پیر طارق ولی چشتی، پیر محمد احمد قادری، مفتی مشتاق احمد نوری، حسین رضا، علامہ حافظ یعقوب،، چیئرمین عمران چوہدری، صاحبزادہ حسن رضا اور دیگر شامل ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کے پی پی 62 سے رکن صوبائی اسمبلی اور ممبر پی اے سی چوہدری رضا نصراللہ گھمن نے عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی کو استعفیٰ ارسال کر دیا ہے اور استعفے میں لکھا ہے کہ بطور رکن پنجاب اسمبلی میں اپنے عہدہ حلقہ پی پی 62 فیصل آباد سے مستعفی ہوتا ہوں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی میرا استعفیٰ منظور کریں۔ ہمارا ملک جس کی بنیاد نظریہ اسلام پر ہے اور انشااللہ رہے گی۔ بدقسمتی سے حکومت وقت نے آئین پاکستان میں ختم نبوتﷺ کے حوالے سے بعض غیرملکی سازشوں کی بناء پر جو گھناؤنی و گھٹیا حرکت کی ہے اس سے تمام مسلمان کے ایمان کو بہت ٹھیس پہنچی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میرے بھی دل، ضمیر اور روح کو بہت زیادہ تکلیف و دکھ ہوا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں چوہدری رضا نصراللہ گھمن نے استعفے کی تصدیق کی اور کہا کہ ختم نبوت بہت حساس ایشو ہے اس کو سیاست کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔ یہ دینی عقیدہ ہے اور اس کے ساتھ چھیڑچھاڑ کسی طور پر بھی قابل برداشت نہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ فیصل آباد ختم نبوت کانفرنس میں بھی حکومتی ممبران اسمبلی کے استعفے آئے، حکومت کو ان استعفوں کو قبول کرکے الیکشن کرانے چاہئیں، ختم نبوت پر کوئی سیاست نہیں یہ مذہبی ایشو ہے، اس وقت پندرہ ممبران اسمبلی کے استعفے ہمارے پاس ہیں، آج گوجرانوالہ کی کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ قومی مشائخ ختم نبوت کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں کے درمیان ٹکرائو کرانے والے شرپسند اور غداروں کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرکے ان کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ قانون ختم نبوت میں تبدیلی کے اصل محرک وزیراعظم نواز شریف ہیں۔ یہ اعلامیہ مشائخ کونسل پاکستان کے صدر خواجہ غلام قطب الدین نے پیش کیا۔ گوجرانوالہ میں آج ہونے والی ختم نبوت کانفرنس کی تیاریاں عروج پر، شہر بھر میں بینرز، پوسٹر آویزاں، شیرانوالہ باغ میں بڑی تعداد میں کرسیاں پہنچا دی گئیں، تین سو سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔