اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/ آئی این پی) کلبھوشن یادیو سے ملاقات کیلئے اس کی اہلیہ اور والدہ کل پیر کی صبح کمرشل فلائٹ سے اسلام آباد آئیں گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہماری ڈیڈ لائن کے بعد بھارتی حکومت نے دونوں خواتین کی سفری تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ ملاقات کے بعد پیر کو ہی واپس چلی جائیں گی۔ ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ ان کے ساتھ ہونگے۔ قبل ازیں پاکستان نے کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے بھارت کو ڈیڈ لائن دی تھی کہ بھارت نے بروقت معلومات نہ دی تو ملاقات کرانا مشکل ہو جائے گا۔ ترجما ن دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا بھارت نے ابھی تک پاکستان کو اپنے جواب سے آگاہ نہیں کیا۔ یہ نہیں بتایا دونوں خواتین کب اور کیسے پاکستان آئیں گی۔ پاکستان کی اوپن پالیسی نے لگتا ہے بھارت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ لگتا ہے بھارت میڈیا کو گفتگو کی اجازت اور کھلے انداز میں ملاقات کی آفر پر گھبرا گیا ہے۔ ملاقات دفتر خارجہ میں رکھی گئی۔ ملاقات کا دورانیہ پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک محیط ہو سکتا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بھارت نے اپنے میڈیا کو بھارتی جاسوس کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کے ساتھ آنے کی اجازت نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے میڈیا کوریج کی اجازت دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بھی پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے میڈیا کو اجازت نہ دی۔
کلبھوشن کی والدہ، اہلیہ کل کمرشل فلائٹ سے آئیں گی، بھارت نے تصدیق کردی، دفتر خارجہ
Dec 24, 2017