اسلام آباد (اے پی پی) چین کے صدر ژی جن پنگ نے صدر مملکت ممنون حسین کو انکی سالگرہ کے موقع پرمبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام بھجوایا ہے۔ صدر مملکت کو یہ پیغام چین کے سفیر ینگ یاو نے خصوصی طور پر پہنچایا۔چینی صدر نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان اور چین گہرے دوست اورسٹرٹیجک شراکت دار ہیں جو آزمائش کے ہر موقع پر ایک دوسرے کے کام آئے ۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے ہر شعبے میں تعاون میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو باعث مسرت ہے۔ چینی صدر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انہیں پاک چین دوستی سے بے پناہ توقعات ہیں اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آپ کیساتھ ملکر کام کرنے کے خواہشمند ہیں تاکہ دونوں ممالک کی سدا بہار دوستی ترقی کرتی رہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر چین کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا دونوں ملک عوام کی خوشحالی کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کرتے رہیں گے۔ پاک چین دوستی دنیا کیلئے مثال حیثیت رکھتی ہے۔مزید برآں پاکستان اور ترکمانستان کے صدور نے دونوں ملکوں کے درمیان زراعت،ٹیکسٹائل،لائیو سٹاک اور آئی ٹی سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے دو نوں رہنماوں کے مابین ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران پایا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ترکمانستان کے صدر قربان گلی بردی محمدوف نے اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کو ٹیلیفون کیا اور انہیں نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے رواں سال ستمبر میں اشک آباد میں پانچویں ایشین انڈور اور مارشل آرٹس گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ صدر ممنون حسین نے تہنیتی پیغام پر اپنے ترکمان ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور ترکمانستان کے صدر اور ترکمان عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ۔صدر مملکت نے خطے اوردونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھانے کی غرض سے ترکمانستان کی کوششوں کو سراہا۔دونوں رہنماوں نے تاپی منصوبے پر جلد ازجلد عملدرآمد کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ترکمان صدر نے کہا کہ ترکمانستان نے افغان سرحد تک ریل نیٹ ورک کو مکمل کیا ہے اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہم اس نیٹ ورک کو پاکستان تک توسیع دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے افغانستان سیکشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو شیڈول کے مطابق 18فروری 2018ء کو ترکمانستان۔افغانستان بارڈر پر منعقد ہوگی۔
پاکستان آزمودہ دوست ہے سدا بہار دوستی ترقی کرے: چینی صدر
Dec 24, 2017