ملتان (سپیشل رپورٹر) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی عوامی مقبولیت کھو چکی ہیں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، ملتان میں پیپلز پارٹی کے کامیاب جلسہ نے جلسیاں کرنے والوں اور پیپلز پارٹی بارے منفی دعوے کرنے والوں کا منہ بند کر دیا ہے۔ وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر سیاسی و سماجی رہنما عون شاہ سے کی گئی ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزیدکہا کہ ملتان میں جلد بلاول ہائوس بن جائے گا جس کی وجہ سے عام آدمی کو بھی فائدہ پہنچے گا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کے لئے دن رات جدوجہد کی جمہوریت کو مستحکم اور اداروں کی مضبوطی کے لئے ہر ممکن اپنا کردار ادا کیا۔ شہید محترمہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لاکھوں مردو خواتین کو فائدہ پہنچ رہا ہے صرف یہی نہیں اپنے دور حکومت میں ہم نے نکالے گئے ملازمین کو بحال کیا کسی سے روزگار نہیں چھینا ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کئے اور کام ہوتے نظر آئے انہوں نے کہا کہ تنظیم نو کے بعد پیپلز پارٹی ایک بار پھر منظم ہو رہی ہے۔