کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش ہمیں مُلک و مِلّت سے وفادار رہنے کا درس دیتاہے۔قائدِ اعظم نے اپنی تمام زندگی قیامِ پاکستان اور برِّ صغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیر سے آزاد کرانے کی جدہ جہد کو وقف کردی تھی۔وہ بلدیہ وسطی میں ۲۵؍ دسمبر کو ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب کے حوالے سے انتظامات کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے قائدِ اعظم کی بَرِّ صغیر کے مسلمانوں کے لئے آزادی کے حصول میں خدمات کا تذکرہ کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ بلدیہ وسطی کے نارتھ ناظم آباد زون میں واقع فتح فیملی باغ میں ۲۵؍ دسمبر۲۰۱۸ئ کو کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا پاکستانی پرچم لہرایا جائے گا۔تقریب کے مہمان خصوصی میئر کراچی جناب وسیم اختر ہونگے ۔ریحان ہاشمی نے مزید کہا کہ آج پاکستانی قوم کو قائدِ اعظم کی تعلیمات اور کردار کی تقلید کرنے کی بہت ضرورت ہے۔کوئی بھی قوم اُس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک کہ اپنے اسلاف کے کارناموں کی تاریخ آئندہ نسلوں کو منتقل نہ کی جائے۔ ضرورت ہے کہ ہم اپنے بچوں کو قائدِ اعظم اور تحریکَ پاکستان کے حوالے سے واقعات سُنائیں تاکہ نئی نسل میں حُبُّ الوطنی کا جذبہ جگایا جاسکے۔