کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایات پر واٹربورڈ کے عملے نے شہر میں فراہمی ونکاسی آب کی متعدد شکایات کا ازالہ کردیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اوورفلو کے خاتمہ اور پانی کی لائنوں کی لیکیجز کے خاتمے سمیت فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے واٹربورڈ کا عملہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کے باوجود سرگرم عمل رہا۔ تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کے عملے نے کڈ یونیورسٹی بلاک 6پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں دھنسنے والی 36انچ قطر کی پائپ لائن کی تبدیلی کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل کرکے علاقہ مکینوں کو نکاسی آب کے مسئلہ سے نجات دلادی۔ ناظم آباد بلاک 2Aمیں سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کردی گئی ہے جس سے علاقہ سے نکاسی آب کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ کیماڑی کے علاقہ گلبائی میں میں متاثرہ پائپ لائن کی صفائی اور مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا۔ یاسین آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 8میں 24انچ قطر کی سیوریج لائن کی تبدیلی مکمل کرلی گئی ہے۔ اس اقدام سے فیڈرل بی ایریا بلاک 8,9,14اور 15میں سیوریج اوورفلو پر قابو پالیا گیا ہے۔ شاہراہ فیصل بنگلور ٹاؤن کے نزدیک پانی کی لائن میں کالر نصب کیا گیا ہے۔ ملیر قائد آباد میں 33انچ قطر کی پائپ لائن کی مرمت کرکے پانی کی فراہمی بہتر کردی گئی ہے ،اس کے علاوہ شیر شاہ ،آگرہ تاج کالونی ،شاہ فیصل کالونی ، بھینس کالونی ، شرف آباد ،گلشن اقبال ، پی ای سی ایچ ایس ، گلستان جوہر ،عزیز آباد ،منظور کالونی ،نشتر بستی پیر کالونی ، دھوراجی کالونی ،سمیت شہر کے دیگر علاقوںمیں فراہمی ونکاسی آب کی متعدد شکایات کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ کھلے مین ہولز پررنگ سلیب اور مین ہولز کور رکھنے کا کام بھی مکمل کیا گیا۔