وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرسمس اور یوم قائدؒ کی تقریبات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں آزادانہ اور پر امن ماحول میں منانے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، اس مقصد کیلئے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے اور یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے وضع کردہ سیکورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہو سکتی۔چرچوں، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور ضرورت کے مطابق اضافی نفری بھی تعینات کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے د شمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہیں۔یوم قائدؒ اور کرسمس کے حوالے سے وضع کردہ سکیورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ کی جائے اور پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔