خواتین فرنیچر ڈیزائنرزاورپروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کی جائیگی:کاشف اشفاق

Dec 24, 2019

لاہور( کامرس رپورٹر ) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں فرنیچر کے کاروبار کو شروع کرنے اور فروغ دینے کے لئے خواتین فرنیچر ڈیزائنرز اور پروڈیوسرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پی ایف سی ہیڈ آفس میں معروف فرنیچر ڈیزائنر ندا اعجاز کی سربراہی میں فرنیچر ڈیزائنرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی خواتین کارکنوں کو لکڑی کے کام کی مفت تربیت فراہم کرے گی تاکہ وہ عالمی مارکیٹوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور دنیا بھر میں نئے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو ان مصنوعات کی طرف راغب کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی فرنیچر مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے تمام تر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ دنیا بھر کی مارکیٹوں میں مقابلہ کرسکیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ اس صنعت کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔

مزیدخبریں