سعودی عرب کے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے بیٹے صلاح جمال نے مملکت کے عدالتی نظام پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ نظام منصفانہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے ایک سعودی عدالت سے اپنے باپ کے پانچ قاتلوں کو سزائے موت کا حکم سنائے جانے کے بعد ایک ٹویٹ میں اپنے ان جذبات کا اظہار کیا اورکہاکہ آج ہمیں مقتول کے وارث بچّوں کی حیثیت سے انصاف مل گیا ہے۔ہم سعودی عدلیہ پر تمام سطحوں پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہیں۔وہ یہ کہ یہ عادلانہ ہے اور ہمیں انصاف مل گیا ہے۔سعودی عرب کی ایک فوجداری عدالت نے جمال خاشقجی کے قتل کے جرم میں پانچ افراد کو قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا ہے اور مقدمے میں ملوّث ہونے کے جرم میں تین افراد کو مجموعی طور پر 24 سال قید کی سزا سنائی ہے۔امریکی اخبار کے لکھاری جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر 2018ء کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا تھا۔