لندن (اے پی پی) انگلینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور نمبر ایک جوہانا کونٹا نے توقع ظاہر کی ہے کہ گھٹنے کی تکلیف سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد جلد ہی آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن میں شرکت کرینگی۔ 28 سالہ کونٹا نے کہا کہ یہ مسئلہ ٹینڈونائٹس سے ملتا جلتا ہے اور میں ایک سال سے تکلیف سے نجات کی کوشش کررہی ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ میں 20 جنوری کو آسٹریلین اوپن سے قبل برسبین اور ایڈیلیڈ میں کھیلنے کیلئے 30 دسمبر کو آسٹریلیا جانے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ عالمی نمبر 12 اور 28 سالہ جاہانا کونٹا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بہت جلد گھٹنے کی انجری سے نجات حاصل کر کے ٹینس کورٹس میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ جوہانا کونٹا نے 2019ء کا آغاز عالمی درجہ بندی میں 38 ویں نمبر سے کیا تھا جس میں بہتری کے بعد وہ ترقی پاکر 12 نمبر پر پہنچ چکی ہیں اس سے قبل وہ اکتوبر 2015ء میں پہلی بار ٹاپ 50 میں پہنچی تھیں۔ جوہانا کونٹا رواں سال فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچی تھیں جبکہ سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ ستمبر کے آغاز میں نیویارک میں یوکرائن کی ففتھ سیڈڈ ایلینا سویٹولینا سے ہارنے کے بعد سے نہیں کھیل سکیں۔ واضح رہے کہ جوہانا کونٹا کو گھٹنوں کی تکلیف کا سامنا تھا جو یو ایس اوپن میں زیادہ ہوگیا اور وہ ٹینس کورٹس سے باہر ہوگئیں۔
گھٹنے کی انجری سے چھٹکارا پاکر آسٹریلین اوپن میں شرکت کروں گی، جوہانا کونٹا
Dec 24, 2019