کرونا: 2020 میں کرکٹ سرگرمیاںمتاثر، قومی ٹیم نے11 ٹی ٹونٹی،3 ون ڈے، 4 ٹیسٹ کھیلے

Dec 24, 2020

لاہور (چودھری اشرف) کرونا وائرس کی وجہ سے 2020ء میں پاکستان کرکٹ کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ سمیت انٹرنیشنل کرکٹ کے زیادہ مقابلے بغیر شائقین کے منعقد ہوئے۔ قومی ٹیم نے 11 ٹی ٹونٹی، تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کے علاوہ چار ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جبکہ رواں سال کا پانچواں ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے شروع ہونا ہے۔ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر اظہر علی کو ٹیسٹ کی کپتانی سے ہٹا کر بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان بنا دیا گیا۔ 2020ء میں پاکستان کرکٹ سے کوئی بڑی خوشخبری نہ مل سکی ماسوائے آئی سی سی ایلیٹ پینل کے پاکستانی امپائر علیم ڈار نے سب سے زیادہ ون ڈے میچ سپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ پاکستان سپر لیگ بھی دو مراحل میں مکمل کرایا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے کرونا وائرس وبا کے دوران انگلینڈ کا دورہ کیا۔  2020ء میں پاکستان ٹیم نے صرف تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز زمبابوے کے خلاف پاکستان ٹیم نے رواں سال 11 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں سے سات میچز میں کامیابی پاکستان ٹیم کا مقدر بنی۔ تین میچز میں اسے شکست جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ رواں سال پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی۔ جس میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی۔ فاسٹ باولر عمر گل اور محمد عامر نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ 2020ء کے واقعات میں برطانیہ کی ایک عدالت نے سابق پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کو پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں مجرم قرار دیتے ہوئے 17 ماہ قید کی سزا سنائی۔

مزیدخبریں