خوشحال معاشرے کا قیام باہمی احترام کے بغیر ممکن نہیں، حرا چوہان

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاؤن کی وائس پرنسپل حرا چوہان نے کرسمس کے موقع پر مسیحی کارکنوں کو مبارکباد دی اور ان کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والے تمام طبقات کا احترام ہم سب پر عائد ہوتا ہے۔خوشحال معاشرے کا قیام باہمی احترام اور رواداری کے بغیر ممکن نہیں۔پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں تعلیم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پوری لگن کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
 ہمیں مذہب ومسلک کے اختلاف سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی خدمت اسی انداز سے جاری رکھنی ہو گی۔مسیحی برادری کے کارکنان نے کالج کی پرنسپل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔اس موقعہ پر وطن عزیز کی خوشحالی اور پنجاب گروپ آف کالجز کی ترقی کے لیے دعا بھی کی گئی ۔

ای پیپر دی نیشن