اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امیرالبحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے بحری سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر زور دیا۔ بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ صدارت نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔ خطے کی جیو سٹرٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری، جوانوں کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بھارت کے غیرقانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر فورم کے شرکاء نے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کی جنگی تیاری اور میری ٹائم سیکٹر میں بحریہ کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ فورم نے COVID-19 کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔