لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کی نسبت طبیعت بہتر ہے۔ صحت یابی کیلئے عوام کی دعاؤں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مکمل احتیاط کر رہا ہوں اور آئسولیشن میں ہوں۔اہم سرکاری امور گھر رہ کر سرانجام دے رہا ہوں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ وہ کرونا کی دوسری لہر میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ دوسری لہر خطرناک ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ کرونا کی صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن جماعتیں اجتماعات سے گریز کریں کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کے دکھ بانٹنے کا ہے۔ سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے۔ اس وقت انسانی زندگیاں بچانے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور فلاح عامہ کی سکیموں کو بروقت اور شفاف انداز سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ منتخب نمائندے اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز ترقیاتی منصوبوں کا آن گراؤنڈ جائزہ لیں اور کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی اپنے اضلاع میں ڈویلپمنٹ سکیموں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔متعلقہ حکام تعمیراتی کاموں کے معیار کو چیک کریں اور اس کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ لیا جائے۔ ترقیاتی منصوبے عوام کی ضرورت ہیں اور ان کی بروقت تکمیل بہت اہم ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ منصوبوں کی نگرانی کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں لوٹ مار قصہ پارینہ ہے۔ ترقیاتی منصوبے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنتے ہیں، کسی کو لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویژنل اور ضلع کی سطح پر تشکیل دی گئی کمیٹیاں منصوبوں کی مانیٹرنگ اور پیش رفت کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بزرگ صحافی عبدالحمید چھاپرا کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔