لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کیخلاف کیس میں پیمرا کو مفاد عامہ کے اشتہارات نشر کرنے کے حوالے سے چینلوںکو پابند کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے چیف ایگزیکٹو لاہور ویسٹ کمپنی کو عمل درآمدرپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا، اور لاہور ویسٹ کمپنی کے سینٹری ورکرز کو کوڑے کو آگ لگانے سے روکتے ہوئے شہر بھر کے پارکوں کی بحالی کے حوالے سے اقدامات ایل ڈی اے اور پی ایچ اے کو بلندوبالا عمارتوں پر سبزہ اگانے کے حوالے سے رولز بنانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ بورڈز بھی اس حوالے سے اقدامات کریں۔ سموگ کی روک تھام کیلئے کمرشل پلازوں کی چھتوں پر پودے لگانے سے ابتدا کی جائے۔ وکیل ایل ڈی اے نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے مفاد عامہ کے اشتہارات چلانے کے کوٹہ کے حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا ہے، جائیکا کی رپورٹ کی روشنی میں سٹرکچرل روڈز بنائی جائیں، سٹرکچرل روڈز کے بغیر شہر کی ٹریفک کنٹرول نہیں ہوسکتی، جائیکا کی رپورٹ نقشوں کی صورت میں موجود ہے جس پر عمل نہیں ہوسکا، وکیل واسا نے کہا بینکنگ عدالت میں عرصہ دراز سے کھڈا موجود ہے، اس کھڈے کو پرکرکے بہترین پارک بنایا جاسکتا ہے، نئے جوڈیشل کمپلیکس میں ایک بھی درخت موجود نہیں، سول اور سیشن عدالتوں کے پاس سموگ بہت زیادہ ہے، درختوں کو اتنا اونچا لگائیں تاکہ وکیلوں کی پہنچ سے دور ہوں، چھتوں پر سبزہ اگانے کے منصوبے کو عدالتوں سے شروع کیا جائے، سبزہ اگانے کے منصوبے کا آغاز یہیں سے ہونا چاہئے۔
کوڑا جلانے کی مخالفت،لاہور میں پارکس بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں،ہائیکورٹ
Dec 24, 2021