لاہور(سٹی رپورٹر)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار جنوبی پنجاب میں محکمہ صحت کی تمام ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور نئے ہسپتالوں کی تعمیر انکی ترجیحی فہرست میں شامل ہے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر آج انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی زیرنگرانی صحت کی ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی، سپیشل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر آصف طفیل، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ شاہدہ فرخ نوید اور آئی ڈیپ کے نمائندہ افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل میں آئی ڈیپ نگرانی میں تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کیا جائے جس کے لئے محکمہ صحت بھرپور وسائل کی فراہمی میں پر عزم اور متحرک ہے۔