لاہور(کامرس رپورٹر)یوکے پاکستان بزنس کونسل نے افغانستان کی صورتحال اور وہاں پیدا ہونے والے انسانی المیے کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کیلئے او آئی سی کے تاریخی اجلاس کے انعقاد اور اس کی میزبانی میں وزیر اعظم عمران خان کے تاریخی کردار کو سراہا ہے۔ مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے تاجروں شہر یار خان، محمد آعظم خان، اسفند یار خان اور مہر خان پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے کسی بھی خاموشی اور تاخیر سے افغانستان کیلئے بروقت امداد میں ناکامی ہو گی اور انسانیت پہلی مرتبہ انسان کی پیدا کردہ آفت کا شکار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے بھی افغانستان کی حالت زار کی طرف عالمی برادری کی توجہ دلانے کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیک شگون ہے کہ او آئی سی نے متفقہ طور پر افغانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد منظور کی اور رکن ممالک نے افغانستان میں امن، سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔