شوگرملزکے وفدکی چیف سیکرٹری سے ملاقات،بہتر ہم آہنگی کا عزم


لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان شوگر ملز ایسویشن کے وفدکی چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ ملاقات میں دونوں طرف سے بہتر ہم آہنگی کا  عندیہ دیا گیا۔ انڈسٹری اور حکومت مل کر چلیں گے۔ ملاقات میں شوگرملز ایسویشن نے چیف سیکرٹری کو وضاحت کے ساتھ بتایا کہ موجودہ سال بھی شوگر ملوں کو مہنگا گنا مل رہا  ہے اور حکومت کی مقرر کردہ قیمت جو کہ 225 روپے ہے اس کے برعکس شوگرملوں کو گنا 260-280 روپے فی چالیس کلوگرام مل رہا ہے۔ جہاں مڈل مین متحرک ہوگئے ہیں وہاں قیمت 300 روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ میٹنگ کے حوالے سے میڈیا نے یہ خبر دی ہے کہ چینی کی قیمت ایکس مل 90 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ پسما کے ترجمان نے اس بات کی وضاحت کی کہ ہماری جتنی میٹنگز ہوئی ہیں اس میں یہ طے پایا تھا کہ حکومت چینی کی قیمت مقرر نہیں کرے گی بلکہ اسے طلب ورسد کے بنیادی اصول پر چھوڑا جائے گا۔ لیکن اگر گنا مہنگا ہوگا تو چینی کی پیداواری لاگت اسی تناسب سے بڑھے گی۔ سرکاری ادارے ان تمام حقائق، پیداواری اخراجات اور دوسرے عوامل کو سامنے رکھ کر چینی کے بارے میں حقائق پر بات کریں۔ ترجمان نے یہ بھی وضاحت کی کہ گنے، شوگرملز اور دیگر معلومات جو کہ کین کمشنر کو قانونی طور پر دینی چاہیے ،وہ گزشتہ سال کی طرح کین کمشنر کو روزانہ کی بنیاد پر دی جا رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن