لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں بہتر اور مئوثر گورننس یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا مئوثر نظام وضع کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تمام محکموں کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بہتر کارکردگی دکھانے والے محکموں کی تعریف جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اچھی کارکردگی پر تعریف کا مقصد محنتی افسران کی حوصلہ افزائی اور غیر تسلی بخش کارکردگی پر بازپرس گورننس کا تقاضا ہے۔حسان خاور کا مزید کہا تھا لاہور میں وزیراعظم عمران خان نے لاہور ٹیکنا پولس کا سنگِ بنیاد رکھا۔ حسبِ توقع مسلم لیگ ن کو اس سے خاصی تکلیف ہوئی۔ 2018ء میں ن لیگی حکومت جانے کے وقت یہاں صرف ایک دیوار تھی اور ایک گیٹ لگا ہوا تھا۔ ڈیڑھ دو ارب کی یہ دیوار اور گیٹ مسلم لیگ ن کو مبارک ہو۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس جگہ کو سپیشل ٹیکنالوجی زون قرار دیکر کام کا آغاز کروایا۔ گزشتہ روز وہاں امریکہ اور چائنہ کی دو لیڈنگ یونیورسٹیوں کے نمائندگان موجود تھے۔ یہاں ٹیکنالوجی کمپنیاں پاکستان میں ٹیکنالوجی انقلاب لانے میں مددگار ثابت ہونگی۔ وزیرِ اعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار پنجاب کے لیے گیم چینجر منصوبوں کو آگے لا رہے ہیں۔ دریں اثناء ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کے دفتر میں کرسمس کے حوالے سے تقریب ہوئی، کرسمس کا کیک کاٹ کر مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ حسان خاور نے کہا ایک دوسرے کی تقریبات میں شرکت سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔
وزیراعلی نے مو ثر گورننس کیلئے ما نیٹر نگ نظام وضع کردیا : حسان خاور
Dec 24, 2021