پنجاب: خود نگرانی کرونگا، جیت کا پلان بنایا جائے: عمران

Dec 24, 2021

لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جیسے ہی معیشت بڑھتی ہے تو ڈالر کی کمی ہوجاتی ہے، برآمدت بڑھنے تک دولت پیدا ہوگی نہ خوشحالی آئیگی۔ انہوں نے لاہور میں سپیشل ٹیکنالوجی زون، ٹیکنا پولس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ٹیکنالوجی میں پاکستان پیچھے رہا جبکہ پاکستان آئی ٹی انقلاب کے لیے آئیڈیل ملک ہے۔ پاکستان کے پاس توانا افرادی قوت، ٹیلنٹ اور ہنر ہے۔آئی ٹی انقلاب سے ہم تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں، ہماری 22 کروڑ کی آبادی میں 60 فیصد نوجوان ہیں، ہماری آئی ٹی کی برآمدات 2 ارب ڈالر ہیں، ہمارا مقصد یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کا پاکستان پورا فائدہ اٹھائے اور آمدن کمائے۔ ٹیکنالوجی ایک ایسا سیکٹر ہے جو پاکستان کا تمام قرضہ ختم کرسکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جیسے ہی معیشت بڑھتی ہے تو ڈالر کی کمی ہوجاتی ہے۔ ڈالر کی کمی کے باعث  ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے۔ ان تمام مسائل پر قابو پانے کے لئے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہوگا۔ برآمدت بڑھنے تک دولت پیدا ہوگی نہ خوشحالی آئے گی۔ کرپشن سے ملکی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور معاشی کمزوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ چین نے بہترین انداز میں معیشت کو مضبوط بنایا اور ملکی پیداوار پر زور دیا۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو 40 سال میں غربت سے نکالا۔ اس نے پہلے پلاننگ کرکے کرپشن کو ختم کیا۔ چینی صدر نے خود وزارتی سطح کے 450 لوگوں کو نوکریوں سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل بھاری مقدار میں پیدا کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس اتنی بڑی ساحلی پٹی ہے تو پام آئل درخت کیوں نہیں لگا سکتے؟۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور سینئر رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی ہوم ورک شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاری کرنا ہو گی۔ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن جیتنے کا پلان بنایا جائے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور، وفاقی وزراء فواد چودھری، شفقت محمود، شہباز گل، وزیر بلدیات محمود الرشید اور وزیر صحت یاسمین راشد نے شرکت کی۔ اجلاس میں دیرینہ کارکنوں نے پارٹی کو مزید پروان چڑھانے کے لیے تجاویز دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی کی خود نگرانی کروں گا۔ چاہتے ہیں اختیارات کی منتقلی نچلی سطح پر ہو۔ عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے کے لیے مضبوط بلدیاتی نظام دیا ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی کی حکومتی اور سیاسی قیادت مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے۔ پنجاب کی اعلیٰ قیادت پرانے رہنماؤں سے مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کرے۔ پرانے ورکرز اور پارٹی رہنماؤں کی آراء کا ہمیشہ احترام کیا۔ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے عمل کو تیز کیا جائے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیر آبپاشی محسن لغاری نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پر استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ صوبوں کے پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کا معاملہ کہاں تک پہنچا۔ ذرائع کے مطابق محسن لغاری نے وزیر اعظم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو تونسہ بیراج پر مانیٹرنگ کروا دی تھی۔ سندھ نے گدو بیراج سے پنجاب کو مانیٹرنگ کی اجازت نہیں دی۔ سندھ مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پر تعاون نہیں کررہا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، انتظامی امور اور امن و امان کی صوتحال سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور پرنسپل سیکرٹری پنجاب عامر جان بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں پنجاب میں کھاد کی کسانوں کو بلا تعطل فراہمی کیلئے اٹھائے گئے انتظامی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے صوبے میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ حکومت کے فلاحی منصوبوں کے اثرات کو عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں صوفی ازم، سائنس اور ٹیکنالوجی کیلئے ابولحسن الشاذلی ریسرچ سنٹر کا افتتاح کیا اور 14 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سنٹر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جہاں صوفی ازم کی روشنی میں عملی زندگی کو بہتر طریقے سے گزارنے پر تحقیق کی جائے گی۔ ادارے کے مقاصد میں معاشرے کی اصلاح، باہمی برداشت، معاشرتی تنوع کا احترام، صوفی ازم سائنس اور ٹیکنالوجی میں تحقیق کو ترویج دینا، مقامی و بین الاقوامی محققین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا اور طلباء و طالبات کو اس شعبے میں تحقیق کیلئے تعلیمی وظائف فراہم کرنا ہے۔ اسکے علاوہ سنٹر موجودہ شعبوں جیسا کہ تاریخ، اسلامی تعلیمات، پولیٹیکل سائنس، ادب وغیرہ میں صوفی ازم کے حوالے سے تحقیق و تدریس کو بھی فروغ دے گا۔ سنٹر میں صوفی ازم پر بی ایس اور ایم فل کی سطح کے کورسزکی تعلیم دی جا رہی ہے۔ اسکے علاوہ سنٹر پوسٹ ڈاکٹرل اور ریسرچ فیلوشپس بھی دے گا۔ مزید یہ کہ سنٹر پی ایچ ڈی کیلئے وظائف بھی فراہم کرے گا جن کی بدولت صوفی ازم کے شعبے پر تحقیق ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے آج دوپہر 2 بجے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور ہو گا۔ خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

مزیدخبریں