لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے لاہور نالج پارک کے منصوبے پر 10سال تک عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا۔ ایک دہائی تک 790 ایکڑ زمین کو خالی رکھا گیا۔ ماضی کی حکومت نے صرف چار دیواری اور گیٹ لگایا۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو سپیشل ٹیکنالوجی زون، لاہور ٹیکنوپولس پراجیکٹ پر کام شروع کرنے اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مجموعی اراضی میں سے 400 ایکڑ زمین پر لاہور ٹیکنوپولس کا منصوبہ بنے گا اور اس منصوبے کے لئے انفراسٹرکچر کو جلد مکمل کریں گے۔ وہ سپیشل ٹیکنالوجی زون، لاہور ٹیکنوپولس پراجیکٹ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹیکنوپولس کے لئے لاہور کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے کہ یہاں یونیورسٹیاں اور انڈسٹریز بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ٹیکنوپولس کے قیام کا مقصد یونیورسٹیز اور انڈسٹریز کے باہمی اشتراک کے ایسے مواقع پیدا کرنا ہے جس سے جدید ٹیکنالوجی کو فروغ ملے اور ملک کی معیشت اور انڈسٹری مزید ترقی کرے۔ اس منصوبے تک آسان رسائی ممکن ہو گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ لاہور ٹیکنو پولس کو سپیشل ٹیکنالوجی زون ایکٹ کے تحت تمام مراعات حاصل ہوں گی۔ سپیشل ٹیکنالوجی زون ایکٹ کے تحت 10سال کے لئے ٹیکس کی چھوٹ دی جائے گی۔ Zone Enterprises کو پراپرٹی ٹیکس، پی آر اے سروسز ٹیکس کی 10سال کیلئے چھوٹ ہو گی۔ سپیشلائزڈ ٹریننگ سینٹر، ون ونڈو سہولت، ویزا کیلئے ہیلپ ڈیسک،سبسڈائزڈ یا ٹیکس فری انٹرنیٹ اور بجلی بھی فراہم کی جائے گی۔ امریکہ، آسٹریلیا، انگلینڈ اور دیگر ممالک کے ادارے اس منصوبے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس منفرد منصوبے سے اعلیٰ تربیت یافتہ نوجوانوں کو صنعتی ترقی میں حصہ لینے کا موقع ملے گا بلکہ بیرون ملک بھی روزگار کے مواقع میسر ہوںگے۔ اس منصوبے سے ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور یہ پراجیکٹ نئی نسل کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ عثمان بزدار سے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، حلقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات کرنے والوں میں خواجہ داؤد سلیمانی، محمد لطیف نذر اور سردار محمد محی الدین خان کھوسہ شامل تھے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کیلئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے۔ کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔ ہم انصاف کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر پوائنٹ سکورنگ کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کا 3 سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔
ماضی کی حکومت نے لاہور نالج پارک منصوبے پر 10برس کوئی عملی کام نہیں کیا: عثمان بزدار
Dec 24, 2021