کراچی: لیجنڈ اداکار معین اخترکے71ویں یوم پیدائش کے موقع پر گوگل نے بھی ڈوڈل کے ذریعے سپر اسٹار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے معروف کامیڈین اور صدارتی ایوارڈ یافتہ معین اختر کا آج 71 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے،جس پر آج گوگل کی جانب سے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے،معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئےاور اپنی زندگی کی پہلی پرفارمنس اسٹیج ڈرامے ’دی مرچنٹ آف وینس‘ میں محض 13 برس کی عمر میں دی جبکہ فنی کیرئیر کی باقاعدہ شروعات پاکستان کے پہلے یوم دفاع پر 1966 میں کی۔
معروف کامیڈین معین اختر بچپن ہی میں اپنے اسکول ٹیچرز، قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں کے لب و لہجے کی نقالی کر کے ساتھیوں کو ہنسایا کرتے تھے،جس کی وجہ سے انہیں اپنے جداگانہ کردار نگاری کی بناء پر فن کی اکیڈمی کہا جاتا تھا،انہوں نے ریڈیو، ٹی وی ڈراما، اسٹیج اور فلم سمیت فنون لطیفہ کے ہر شعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔لیجنڈاداکارمعین اخترکوانکی فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا،ان کے مشہور اسٹیج ڈرامے آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔معین اختر 22 اپریل 2011 کو دار فانی سے کوچ کر گئےتھے۔