اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتراضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہے گا ‘ہری پور،ایبٹ آباد ،مانسہرہ ،دیر، چترال ، کرم، بونیر، شانگلہ اور سوات میں بھی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان
کراچی میں دھند کا راج تاحال برقرار ہے ، جس کے باعث حد نگاہ 4 کلو میٹر تک محدود ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیاات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 26 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔شہر میں اس وقت 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوا چل رہی ہے، آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔تازہ ترین اپڈیٹ کے مطابق شہر میں 25 تا 27 دسمبر کے دوران درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتراضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہے گا تاہم بعض میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔خیبرپختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اورمطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم ہری پور،ایبٹ آباد ،مانسہرہ ،دیر، چترال ، کرم، بونیر، شانگلہ اور سوات میں بھی بارش اور ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک اور سرد رہے گا تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سکھر، لاڑکانہ ، شہید بینظیر آباد اور گردونواح میں اسموگ میں پڑنے کا امکان ہے۔