اس طرح کی کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کی سیکرٹری جنرل سارک سے ملاقات میں گفتگو
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان سے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سارک کے سیکرٹری جنرل نے سیالکوٹ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم سے پریانتھا کمارا کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، غربت کے خاتمے، توانائی کے انضمام اور صحت کے چیلنجز پر تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے سارک کے عمل کو مزید بہتر بنانے اور فروغ دینے کے لیے سارک کے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔ سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون نے سارک سے متعلق امور پر رہنمائی پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔